ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کھپت میں کمی اور متوسط طبقہ کی آمدنی میں استحکام پر جئے رام رمیش کی تشویش

کھپت میں کمی اور متوسط طبقہ کی آمدنی میں استحکام پر جئے رام رمیش کی تشویش

Sun, 10 Nov 2024 12:43:25  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 10/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) کانگریس کے جنرل سکریٹری اور سینئر رہنما جئے رام رمیش نے گزشتہ 10 سالوں کے دوران متوسط طبقہ کی خریداری میں کمی اور ملک میں کھپت کے کم ہونے پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے اس تلخ حقیقت پر روشنی ڈالی کہ ہندوستان میں کھپت کم ہو رہی ہے اور اس کا طویل مدتی اقتصادی صلاحیت پر کیا اثر پڑے گا۔ رمیش نے اس سلسلے میں کھپت کی موجودہ صورتحال اور اس کے ملک کی معیشت پر پڑنے والے اثرات کے بارے میں اپنی فکر کا اظہار کیا۔

جئے رام رمیش نے کہا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ ہندوسدتان میں کم ہوتی کھپت کی کہانی اور زیادہ واضح ہوتی جا رہی ہے۔ گزشتہ ہفتہ انڈیا اِنک کے کئی سی ای او نے 'سکڑتے' متوسط طبقہ پر فکرمندی کا اظہار کیا تھا۔ اب نابارڈ کے این اے ایف آئی ایس 2022-2021 کا نیا اعداد و شمار اس بات کی گواہی دے رہا ہے کہ ہندوستان میں مانگ بحران مسلسل آمدنی رکی رہنے کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے سروے سے حاصل شدہ اعداد و شمار کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کہ ہندوستانیوں کی اوسط ماہانہ آمدنی گھریلو آمدنی کاشتکاری خاندانوں میں 12698 روپے سے 13661 روپے اور غیر کاشتکاری خاندانوں میں 11438 روپے۔ اگر گھریلو سائز 4.4 مانا جائے تو دیہی علاقوں میں فی شخص آمدنی تخمینی طور سے 2886 روپے فی ماہ ہے یعنی ہر روز 100 روپے سے بھی کم۔ اس لیے زیادہ تر ہندوستانیوں کے پاس بنیادی ضروریات کے علاوہ دوسری طرح کے کھپت کے لیے بہت کم پیسہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کوئی استثنا نہیں ہے بلکہ تقریباً ہر شواہد اس تباہ کن نتائج کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ متوسط ہندوستانی طبقہ آج 10 سال پہلے کے مقابلے میں کم خریداری کر سکتا ہے، خریدنے کی صلاحیت کم ہو گئی ہے۔ یہ ہندوستان کی کھپت میں آئی گراوٹ کی اہم وجہ ہے۔

جئے رام رمیش نے اپنے پوسٹ میں اس سلسلے میں مزید سرکاری اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے صورتحال کو واضح کیا:

  • مزدوروں کی اصل مزدوری 2014 سے 2023 کے درمیان رُکی رہی اور 2019 سے 2024 کے درمیان اس میں گراوٹ آئی ہے۔
  • ڈاکٹر منموہن سنگھ کی مدت کار میں کھیتیہر مزدوروں کی اصل مزدور ہر سال 6 اعشاریہ 8 فیصد کی شرح سے بڑھی۔
  • وقت کے ساتھ اوسط اصل کمائی 2017 اور 2022 کے درمیان سبھی طرح کے روزگاروں-تنخواہ دار مزدوروں، غیر منظم شعبہ کے مزدوروں اور خودروزگار مزدوروں میں رکی رہی ہے۔
  • 2014 اور 2022 کے درمیان اینٹ بھٹہ مزدوروں کی اصل مزدوری یا تو رک گئی ہے یا کم ہو گئی ہے۔
  • اینٹ بھٹہ میں سخت محنت درکار ہوتی ہے اور یہ ہندوستان کے سب سے غریب لوگوں کے لیے کم تنخواہ والا آخری متبادل ہوتا ہے۔

جئے رام رمیش نے آگے لکھا کہ کھپت میں اس طرح سے کمی ہماری درمیانی مدت اور طویل مدتی معیشت کو تباہ کر رہی ہے۔ بھلے ہی جی ڈی پی کے سہ ماہی اعداد و شمار چاہے جیسے بھی ہوں۔ اپنے مصنوعات کے لیے بازار یقینی کرنے کے لیے کھپت میں وافر اضافہ کے بغیر، ہندوستان کا نجی شعبہ نئے پروڈکشن میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے تیار نہیں ہوگا۔

جئے رام رمیش نے واضح طور پر کہا کہ کانگریس کی قیادت والی یو پی اے حکومت کی 10 سالہ مدت کار میں مسلسل جی ڈی پی گروتھ کو جس ڈبل انجن-نجی سرمایہ کاری اور بڑے پیمانے پر کھپت نے آگے بڑھایا وہ نان بایولوجیکل وزیر اعظم کے گزشتہ دس برسوں کی مدت کار میں پٹری سے اتر گئی ہے۔ اسے واپس پٹری پر لانے کا وقت آ گیا ہے۔


Share: